امریکہ کی جانب سے کابل میں فضائی حملوں کے بعد آج صبح سویرے حامد کرزئی انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر5 راکٹ داغے گئے جنہیں امریکی دفاعی نظام نے ناکام بنا دیا ۔
تفصیلات کے مطابق غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کابل کی فضاﺅں میں صبح سویرے راکٹ کی گھن گرج سنائی دی ، جو کابل ایئر پورٹ کے قریبی علاقے”خیر خانہ“ سے ایک گاڑی میں سے فائرکیے گئے ۔تقریبا پانچ کے قریب راکٹ ایئر پورٹ کی جانب داغے گئے جنہیں امریکی میزائل ڈیفنس سسٹم نے ہوا میں ہی تباہ کرتے ہوئے ناکام بنا دیا ۔
ایئر پورٹ پر نصب میزائل ڈیفنس سسٹم کے چلنے کی آواز مقامی لوگوں کی جانب سے بھی سنیں گئیں جبکہ گلیوں میں راکٹ کے ٹکرے بھی بکھرے دیکھے گئے۔ایئر پورٹ کے شمال میں عمارتوں سے بلند دھواں بھی اٹھتا ہوا دیکھا جا سکتا تھا ۔
وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کو سوموار کی صبح کابل ایئرپورٹ پر ہونے والے راکٹ حملے کے متعلق بریفنگ دی گئی ہے اورانھیں بتایا گیا ہے کہ اس حملے سے ہوائی اڈے پر آپریشن میں خلل نہیں پڑا۔
وائٹ ہاؤس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’قومی سلامتی کے مشیر جیک سولیوان اور چیف آف اسٹاف رون کلین نے صدر بائیڈن کو کابل کے حامد کرزئی ایئرپورٹ پر راکٹ حملے کے متعلق بریفنگ دی۔