طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ افغانستان امریکہ کی شکست دوسرے حملہ آوروں اور ہماری آئندہ نسلوں کے لیے اہم سبق ہے۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ نے منگل کی صبح امریکہ کے افغانستان سے مکمل انخلا کے بعد کابل ایئرپورٹ کے رن وے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ دنیا کے لیے ایک سبق ہے۔‘
انھوں نے امریکہ کے افغانستان سے بیس برس بعد نکلنے پر افغان شہریوں کواس فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’پورے افغانستان کو مبارک ہو، یہ ہماری فتح ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم امریکہ سمیت دیگر دنیا کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہشمند ہیں اوران کے ساتھ اچھے سفارتی تعلقات کا خیرمقدم کریں گے۔‘
ہماری خواہش ہے کہ دوبارہ کبھی ہمارے ملک پر کوئی حملہ آور نہ ہو۔ ہم امن، خوشحالی اور مکمل اسلامی نظام چاہتے ہیں۔‘
انھوں نے طالبان جنگجوؤں پر زور دیا کہ وہ افغان عوام کے ساتھ ’اچھے انداز‘ میں پیش آئیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ میں آپ سے یہ بھی کہنا چاہوں گا کہ آپ لوگوں سے برتاؤ کرتے وقت خیال کریں۔ اس قوم نے بہت کچھ برداشت کیا ہے۔ افغان عوام کو ہمدردی اور محبت سے پیش آنے کے حقدار ہیں۔ لہذا ان کے ساتھ نرمی سے پیش آئیں۔ ہم ان کے ملازم ہیں۔ ہم نے اپنے آپ کو ان پر مسلط نہیں کرنا ۔‘