طالبان نے مکمل امریکی انخلا کے بعد کابل ایئر پورٹ کا کنٹرول سنبھال لیا۔
کابل ایئر پورٹ کے مرکزی گیٹ پرافغان طالبان تعینات کر دیے گئے ہیں، ایئر پورٹ کے اندر بھی طالبان کے محافظ دستے موجود ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ کابل ایئر پورٹ پراس وقت صرف چند کمرشل طیارے کھڑے ہیں، جبکہ فلائٹ آپریشن معطل ہے۔
کابل ایئر پورٹ پر طیاروں کے اترنے اور اڑان بھرنے کی رہنمائی کے لیے تربیت یافتہ عملہ نہیں۔کابل ایئر پورٹ جلد فنکشنل کرنے کے لیے افغان طالبان کے ترکی اور قطر سے تیکنیکی معاونت کے لیے مذاکرات بھی جاری ہیں۔
ان مذاکرات میں ایئرپورٹ کا جلد از جلد انتظام سنبھالنے اوراس کو محفوظ بنانے پر بات چیت کی جا رہی ہے تاکہ جو افعانستان چھوڑ کر جانا چاہتےہیں وہ کمرشل پروازوں کے ذریعے جا سکیں۔
ترک صدر رجب طیب اردغان کا کہنا تھا کہ ان کا ملک طالبان کی پیشکش کا جائزہ لے رہا ہے مگر طالبان ایئرپورٹ کی سکیورٹی سنبھالنے پر زور دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی انخلاء کا آج آخری روز تھا، تمام امریکی فوج واپس چلی گئی، امریکا نے افغانستان سے مکمل انخلاء کی 31 اگست کی ڈیڈ لائن سے پہلے ہی انخلا مکمل کر لیا ۔