کراچی سمیت سندھ میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ، کئی شہر تاریکی میں ڈوب گئے، کراچی کے 80 فیصد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے ، شدید گرمی کے ستائے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ۔
کراچی میں بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک کے 1900 میں 1400 فیڈرز ٹرپ کرگئے جس کے باعث شہر قائد کا 80 فیصد علاقہ بجلی سے محروم ہوگیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں نارتھ ناظم آباد ، ناظم آباد ، نارتھ کراچی ،نیو کراچی، لانڈھی ، کورنگی ، ملیر ، قائد آباد ، شاہ فیصل ، نرسری ، ڈیفنس کلفٹن سمیت صنعتی علاقے بجلی سے محروم ہو گئے ۔ ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق بجلی کے بریک ڈاؤن کی وجوہات جاننے کی کوشش کر رہے ہیں ، این ٹی ڈی سی کی ٹیموں کے ساتھ رابطے میں ہیں ۔
کراچی کے علاقے صدر، ایم اےجناح روڈ، آئی آئی چندریگرروڈ، فیڈرل بی ایریاکےمختلف بلاکس بجلی سے محروم ہو گئے، نرسری، ڈیفنس، کلفٹن، بہادر آباد، گلشن اقبال ، نارتھ کراچی کی بھی بجلی بند ہو گئی ہے۔
کراچی میں یہ بجلی کا تیسرا بڑا بریک ڈاؤن ہے ،کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ نیشنل گرڈسےآنے والی 500 کے وی کی ہائی ٹرانسمیشن لائن میں خرابی ہوئی ،جس سےکراچی اور سندھ کےبعض علاقوں میں بجلی معطل ہوئی، بجلی کی عدم فراہمی کی صورت حال پر نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) سےرابطےمیں ہیں۔
We are receiving reports of interruption in power supply from some parts of the city. We are actively monitoring the situation and will keep updating this space.
— KE (@KElectricPk) September 1, 2021
ذرائع کے مطابق جامشورو میں این ٹی ڈی سی کے یارڈ پر آسمانی بجلی گرگئی جس کے بعد بجلی کی فراہمی معطل ہوئی، کے الیکٹرکٹ اور حیسکو کو بجلی کی فراہمی معطل ہوئی ہے، آسمانی بجلی گرنے کے بعد این ٹی ڈی سی یارڈ محفوظ رہا۔
ادھر حیسکو حکام کا کہنا ہے کہ حیسکو ریجن کے بھی 71 گرڈ اسٹیشن بند ہوگئے ہیں، مٹیاری سمیت دیگر علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کے ای کال سینٹر 118 اور کے ای کی ایس ایم ایس سروس بھی کام نہیں کر رہی جبکہ کے الیکٹرک کی ایپ پر بھی شکایات رجسٹر نہیں ہو رہیں۔