اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے چمن بارڈر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں پولیس اسٹیشن کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت افغانستان میں امن چاہتی ہے، طورخم بارڈر پر حالات نارمل ہیں تاہم چمن بارڈرکو بند کر رہے ہیں۔
اسلام آباد میں امریکیوں کی موجودگی سے متعلق اطلاعات پرانہوں نے کہا کہ مخالفین کی باتوں میں کوئی سچائی نہیں، کوئی امریکی پاکستان میں نہیں ، جو آئے تھے وہ ایئر پورٹ سے چلے گئے۔
افغان سفیر کی بیٹی کے کیس سے متعلق وزیر داخلہ نے بتایا کہ افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا کا ملبہ پاکستان پر ڈالا جا رہا تھا، افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا کی فوٹیج دے کر ان کا منہ بند کرا دیا، وزیراعظم نے مزید 1200 سیف سٹی کیمروں کی منظوری دے دی، جس سے مزید بہتری آئے گی۔
شیخ رشید نے کہا کہ نون لیگ قیادت کے اپنے اپنے بیانات ہیں، ن لیگ کے صدر قومی حکومت بنانے کا کہہ رہے ہیں، ن لیگ کی دوسری رہنما کہہ رہی ہیں حکومت سے بات نہیں کرنی، حکومت کے دروازے اپوزیشن سے بات چیت کیلیے ہمیشہ کھلے ہیں، اپوزیشن کو حکومت سے بات چیت کرنا پڑے گی، اپوزیشن لانگ مارچ کرنا چاہتی ہے تو شوق سے کرے، یہ لانگ مارچ کا وقت نہیں، کسی کو انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے سینیر حریت رہنما سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا کے بہت بڑے عظیم انسان سید علی گیلانی نے شہادت کا رتبہ پایا، پوری قوم سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، ان کی شہادت پر قومی پرچم سرنگوں ہے، علی گیلانی کی تدفین کیلئے بھارت نے لوگوں کو شرکت نہیں کرنے دی، مگر سید علی گیلانی ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں رہیں گے۔