سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا،ٹریفک کی روانی متاثرِ،گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔فائل فوٹو
سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا،ٹریفک کی روانی متاثرِ،گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔فائل فوٹو

کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش۔سڑکیں تالاب بن گئیں

کراچی:شہرقائد کے مختلف علاقوں میں جمعے کے روز تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے،سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا ۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ گلستان جوہرمیں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی جب کہ موسمیات، یونیورسٹی روڈ، ایئرپورٹ ،ملیر،لانڈھی، سعدی ٹائون، نارتھ ناظم آباد،شاہراہ فیصل، نیپا چورنگی، حسن اسکوائر،گلشن اقبال ،کورنگی، مہران ٹائون، محمود آباد،صدر،ایم اے جناح روڈ،کلفٹن،ڈیفنس ،ٹاور، سپر ہائی وے،سائٹ ، شیر شاہ  اوردیگرعلاقوں میں بارش ہوئی۔

بارش کا سلسلہ شروع ہوتے شہرکے مختلف علاقوں حسب معمول برقی رو معطل ہو گئی اور شہری نظام درہم برہم ہو گیا،سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

شہر کی مرکزی شاہراہ فیصل پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ اور مسافروں کے لیے رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں۔ شاہراہ پاکستان پر بھی بارش کا پانی جمع ہوگیا۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی کا کہنا ہے کہ شہرچاروں طرف سے بادلوں کی لپیٹ میں ہے، شہرمیں مزید ایک سے دوگھنٹے بارش ہوسکتی ہے۔ اگربارش تواترسے جاری رہی تو اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ نے کہا کہ سمندرمیں بننے والا کلاؤڈ ماس شہرکی جانب بھی بڑھ رہا ہے، ہوا کا کم دباؤ جوسمندر میں جنوب مشرق میں موجود تھا اس نے شدت اختیارکرلی ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ آج شام یا رات تک کراچی میں ایک بار پھر موسلا دھار بارش ہوگی۔

کے الیکٹرک نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ شہرکے مختلف علاقوں سے ہلکی سے تیزبارش کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں، کے الیکٹرک کا عملہ صورتِحال کا جائزہ لے رہا ہے تاہم چند فیڈرزکو حفاظتی بنیادوں پر بند کیا جا سکتا ہے۔