نیوزی لینڈ کے شہرآکلینڈ کی سپر مارکیٹ میں چاقوسے حملے میں 6 افراد زخمی ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق پولیس کی فائرنگ سے حملہ آور بھی مارا گیا ہے، پولیس نے بتایا کہ حملہ آور نے سپر مارکیٹ میں گھستے ہی چاقو اٹھایا اور حملہ شروع کردیا۔پولیس نے حملے کی تحقیقات کا آغازکردیا۔
حملے کی سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چاقوبردار شخص نے 60 سیکنڈ سے بھی کم وقت میں 6 افراد کو زخمی کردیا۔ زخمیوں میں سے 3 کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو فائرنگ کرکے موقع پر ہلاک کردیا۔
وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے آکلینڈ کی سپرمارکیٹ میں ہونے والے حملے کو دہشت گرد کارروائی قرار دیا ہے۔ انھوں نے بتایا ہے کہ سری لنکن نژاد شخص نے جمعہ کی دوپہر آکلینڈ کی سپرمارکیٹ میں چاقو کے وار کرکے 6 افراد کو زخمی کردیا۔حملے میں استعمال ہونے والا چاقو ایک اسٹورکے شیلف سے اٹھایا گیا تھا۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ آج ہونے والا واقعہ نفرت انگیز اورغلط ہے۔ یہ ایک فرد کا عمل ہے جس نے انفرادی طور پر یہ قدم اٹھایا۔ اس واقعے میں کسی کا مذہب،کوئی ثقافت یا قومیت ملوث نہیں ۔
حملہ آور سے متعلق بتایا گیا ہے کہ وہ سال 2011 میں نیوزی لینڈ آیا تھا اور اس نے داعش سے متاثر ہوکر یہ کارروائی کی۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حملہ آور پہلے جیل بھی جاچکا تھا اور قانون کے تحت کسی جواز کے بغیر قید میں نہ رکھنے کی وجہ سے اس کو رہا کردیا گیا تھا۔ وزیراعظم نے واقعے کی مکمل تحقیقات کی یقین دہانی کروائی ہے۔
پولیس کمشنراینڈریو کوسٹر نے کہا ہے کہ انتظامیہ کو یقین ہے کہ حملہ آور نے تنہا یہ کارروائی کی اور اس علاقے میں مزید کوئی خطرات نہیں۔