عراق میں وفاقی پولیس کی چیک پوسٹ پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 13 اہلکار ہلاک اور5 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے صوبے کرکوک میں وفاقی پولیس کی چیک پوسٹ پر مسلح افراد نے دھاوا بول دیا جس پر پولیس نے بھی سخت مزاحمت کی۔
ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی جھڑپ میں وفاقی پولیس کے 13 اہلکار ہلاک اور5 زخمی ہوگئے۔ مزید نفری طلب کی گئی تاہم حملہ آوروں نے چیک پوسٹ کو آنے والی سڑک کو بھی بم دھماکوں سے تباہ کردیا۔
حملہ آور جاتے ہوئے اپنے ہمراہ عراقی پولیس کا اسلحہ اور جنگی ساز و سامان لے گئے۔ تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم اس علاقے میں داعش متحرک اور منظم ہے۔