پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ، انگلینڈ کے خلاف سریزاور ورلڈ کپ ٹی ٹونٹی کیلیے اسکواڈ کا اعلان کردیاہے جس کی قیادت بابراعظم کریں گے اور نائب کپتان شاداب خان ہوں گے تاہم شعیب ملک اور وہاب ریاض جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے ۔
آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ میں 5 بیٹسمین، 2 وکٹ کیپرز، 4 آل راؤنڈرزاور4 فاسٹ بولرز شامل ہیں جبکہ 3 ریزرو کھلاڑیوں کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے، ٹیم نیوزی لینڈ اورانگلینڈ کے خلاف سیریز میں بھی حصہ لے گی۔
چیف سلیکٹر محمد وسیم نے بتایا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلیے قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کریں گے، شاداب خان نائب کپتان ہوں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں آصف علی، اعظم خان، حارث رؤف، حسن علی، عماد وسیم، خوشدل شاہ، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی اور صہیب مقصود شامل ہیں۔
فہیم ، اشرف اور فخر زمان کو ڈراپ کر دیا گیا جبکہ شعیب ملک اور وہاب ریاض بھی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے ۔ان کے علاوہ سابق کپتان سرفراز احمد کو ون ڈے کے بعد اب ٹی ٹوینٹی فارمیٹ سے بھی باہرکردیا گیاہے ۔
چیف سلیکٹر کا کہناتھا کہ قومی ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں، ڈومیسٹک کرکٹ میں صہیب مقصود کی کارکردگی سب کے سامنے ہے ، ٹاپ آرڈر میں وہ فائر پاور بڑھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں اعظم خان بیک اپ وکٹ کیپر ہوں گے ۔اس لیے ان کا انتخاب کیا، اعظم خان ٹیم میں آتے ہیں تو مڈل آرڈرکو بھی فائدہ ہو گا، اعظم خان مڈل آرڈرکی بھی کمی کو پورا کر سکتے ہیں۔ ہمیں اعتماد ہے کہ آصف علی بھی پرفارم کریں گے۔