کراچی۔شہرقائد میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ دوپہر میں شہرمیں تھنڈر سیلز بننے کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے۔ گزشتہ شب ہونے والی بارش سے اورنگی ٹاؤن ایم پی آرکالونی میں مکان کی دیوارگرگئی جس کے نتیجے میں ماں اوراس کے تین بچے جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوئے۔ چاروں افراد کی لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ شب سب سے زیادہ بارش سُرجانی میں 58 ملی میٹرریکارڈ کی گئی۔ نارتھ کراچی 51، جناح ٹرمینل 2.8، پی ایف بیس فیصل 2، ڈی ایچ اے فیر ٹو میں 1.6، سعدی ٹاؤن 13.4 اور اولڈ ایئرپورٹ پر 1.5، اورنگی 37، ناظم آباد 32، پی اے ایف بیس مسرور 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جب کہ کیماڑی 15، یونیورسٹی روڈ 8.2، گلشنِ حدید 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
رات گئے تک جاری بارش سےمختلف علاقوں میں سڑکیں زیر آپ آگئیں۔ ٹاور سے ایم اے جناح روڈ جانے والی سڑک پر پانی جمع ہوگیا، واٹر پمپ سے گلبرگ چورنگی جانے والی سڑک زیرآب آگئی۔ لندی کوٹل چورنگی کے قریب نالے کا پانی سڑک پر آگیا۔ لیاقت آباد دس نمبر کی سڑک پر پانی موجود ہے تاہم نیپا چورنگی گلشن اقبال سے پانی نکال لیا گیا۔ سفاری پارک کے اطراف سڑکوں سے پانی کی نکاسی کا کام جاری ہے۔
واضح رہے محکمہ موسمیات کی پیش گوئی ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ 11 ستمبر تک جاری رہ سکتا ہے۔