کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں مکان منہدم ہونے کا مقدمہ ایک تعمیراتی منصوبے کی انتظامیہ اور مالکان کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔
اس حوالے سے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس سہائے عزیز کا کہنا تھا کہ مدعی محمد عارف نے جائے حادثہ کے قریب تعمیراتی منصوبے کی انتظامیہ اور مالکان کو نامزد ملزم ظاہر کیا ہے۔پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن تھانے میں درج مقدمہ نمبر 1093 متوفیہ کے دیور محمد عارف کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے مدعی مقدمہ محمد عارف کا کہنا تھا کہ آج صبح سویرے نماز فجر کے لیے موجود تھا کہ اس کے بھائی نے فون کرکے اطلاع دی کہ اورنگی ٹاؤن کے علاقے قصبہ کالونی میں ایم پی آر کالونی سے متصل رہائشی منصوبے کی دیوار گرنے سے ان کا گھر منہدم ہوگیا۔ اس واقعہ میں ان کی اہلیہ اور تین بچے جاں بحق ہوگئے۔
مدعی مقدمہ کے مطابق واقعہ صبح ساڑھے تین بجے پیش آیا جس کی اطلاع ملتے ہی وہ موقع پر پہنچا تورہائشی منصوبے کی دیوار کا کافی حصہ آبادی پر گرا دیکھا۔مدعی مقدمہ محمد عارف کا مزید کہنا تھا کہ دیوار گرنے سے میری بھابی اور اس کے تین بچے چھت تلے دب کر جاں بحق ہوئے۔ مدعی نے دعویٰ کیا ہے کہ دیوار غیر معیاری مٹیریل استعمال کرنے کی وجہ سے گری جس سے اس کی فیملی کا جانی نقصان ہوا۔
مقدمہ نمبر 1093 میں رہائشی منصوبے کے مالک، انتظامیہ کے محمد حبیب، اعجاز اور پروجیکٹ کی تعمیر کے وقت کے ٹھیکیدار ودیگر نامزد ملزم ہیں۔پولیس کے مطابق واقع کی ایف آئی آر زیر دفعہ 334، 322 اور 34 درج کی گئی ہے۔