کراچی:سندھ اور بلوچستان میں سی این جی اسٹیشنز کو 4 روز کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی نے سندھ اور بلوچستان کے سی این جی اسٹیشنز کو پیر 13 تا جمعرات 16ستمبر تک گیس کی فراہمی بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان ایس ایس جی سی کے مطابق اینگرو ٹرمینل پر ایف ایس آر یو کی تبدیلی کے باعث 13 سے 16 ستمبر کے درمیان ڈرائی ڈاکنگ کی وجہ سے سوئی سدرن گیس کمپنی کے سسٹم میں آر ایل این جی میں 150 سے 75 ایم ایم سی ایف ڈی کمی آئے گی اور کم پریشر کی وجہ سے سوئی سدرن کو گھریلو صارفین اور کمرشل سیکٹرکی طلب پوری کرنے میں انتہائی دشواری کا سامنہ ہوگا، لہذا صارفین کی طلب پوری کرنے کی غرض سے سندھ اور بلوچستان بھر میں تمام سی این جی اسٹیشنز کو 13 ستمبر بروز پیر سے 16 ستمبر بروز جمعرات چار روز کے لئے گیس کی ترسیل معطل رہے گی۔
ترجمان ایس ایس جی سی کا کہنا تھا کہ سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی اتوار کی رات 12بجے سے منقطع رہے گی اور تمام سی این جی اسٹیشنز کو 17 ستمبر بروز جمعے کو گیس کی ترسیل بحال کر دی جائے گی۔