کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات۔ بلا پہلے،شیر دوسرے اورآزاد تیسرے نمبر پر رہے

پی ٹی آئی نے 219 میں سے 63وارڈز میں کامیابی حاصل کی ، پاکستان مسلم لیگ ن کے 59جبکہ پیپلزپارٹی کے 17امیدوار کامیاب ہوئے ،52آزاد امیدوار بھی بازی لے گئے۔

               
September 13, 2021 · |, اہم خبریں, قومی
پنجاب میں پیپلزپارٹی کا کوئی امیدوار کامیاب نہیں ہوا۔فائل فوٹو

پنجاب میں پیپلزپارٹی کا کوئی امیدوار کامیاب نہیں ہوا۔فائل فوٹو

اسلام آباد:کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں غیر حتمی ،غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف بازی لے گئی ، پی ٹی آئی نے 219 میں سے 63وارڈز میں کامیابی حاصل کی ، پاکستان مسلم لیگ ن کے 59جبکہ پیپلزپارٹی کے 17امیدوار کامیاب ہوئے ۔52آزاد امیدوار بھی اپنے حلقے کے عوام کا اعتماد جیتنے میں کامیاب رہے ۔

نجی ٹی وی کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے 10، جماعت اسلامی کے 7، بلوچستان عوامی پارٹی ( باپ) اورعوامی نیشنل پارٹی (اے این پی ) کے دو، دو امیدوار کامیاب ہوئے ۔

پنجاب میں پارٹی پوزیشن 

غیر حتمی ، غیر سرکاری نتائج کے مطابق پنجاب میں مسلم لیگ ن کے 51امیدوار کامیاب ہوئے ، دوسرے نمبر پر آزاد امیدوار رہے جنہوں نے 32نشستیں حاصل کیں، حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف28 وارڈز میں کامیابی حاصل کر سکی ، دو آزاد امیدوار بھی عوام کا اعتماد جیتنے میں کامیاب ہوئے ۔ پنجاب میں پیپلزپارٹی کا کوئی امیدوار کامیاب نہیں ہوا۔

سندھ میں پارٹی پوزیشن 

کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں سندھ میں تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کے 14،14امیدوار کامیاب ہوئے ، ایم کیو ایم کے دس ، سات آزاد امیدوار ، جامعت اسلامی کے پانچ اور مسلم لیگ ن کے تین امیدوار کامیاب ہوئے ۔

خیبرپختونخوا میں پارٹی پوزیشن 

کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کے 18 امیدوار کامیاب ہوئے ،9 آزاد امیدواروں نے فتح حاصل کی جبکہ مسلم لیگ ن نے پانچ وارڈز میں کامیابی حاصل کی ، پاکستان پیپلزپارٹی کے تین جبکہ اے این پی کے دو امیدوار کامیاب ہوئے ۔

بلوچستان میں پارٹی پوزیشن 

کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں بلوچستان میںتحریک انصاف تین ، آزاد امیدوار چار، بی اے پی کے دو امیدوار کامیاب ہوئے ۔ بلوچستان میں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کا کوئی امیدوار کامیاب نہ ہو سکا۔