لاہور:پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے 36 ویں چیئرمین منتخب ہو گئے ۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے انتخاب کے لئے گورننگ بورڈ کا اجلاس نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں ہو ا ، بورڈ الیکشن کمیشن جسٹس (ر) شیخ عظمت سعید نے اجلاس کی صدارت کی ۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے رمیز راجہ کے مد مقابل کوئی امیدوار نہیں آیا جس پر وہ بلا مقابلہ چیئرمین پی سی بی منتخب کرلیے گئے ۔
چیئرمین منتخب ہونے کے بعد رمیز راجہ نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین منتخب کرنے پر تمام بورڈ آف گورنرز کا مشکور ہوں ، پاکستان کرکٹ میں رویے اور سوچ کو بدلنا میری اولین ترجیح ہے جبکہ کھلاڑیوں کی ویلفیئر بھی میری ترجیحات میں شامل ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کے فروغ کیلئے پوری کوشش کروں گا، میرا فوکس پاکستان کرکٹ ٹیم کو صحیح سمت دینا ہے ، ٹیم اتنی مضبوط بنانا چاہتاہوں کہ دوبارہ اس کا شمار خطرناک ٹیموں میں ہو، ہمیں اپنی ٹیم کے ساتھ کھڑا ہونا ہے ،تمام سہولتیں دینی ہوں گی ۔ان کا کہناتھا کہ ہم دنیا میں کرکٹ کا ایک برانڈ بننا چاہتے ہیں ۔