اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ میڈیا کے خلاف حکومت کا کالا قانون کسی صورت پاس نہیں ہونے دیں گے۔
شہبازشریف نے آزادی صحافت دھرنے میں جا کر صحافیوں سے ملاقات کی۔اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کے حکم پر یہاں آئے ہیں۔ حکومت پارلیمنٹ میں ابھی تک میڈیا سے متعلق بل کا مسودہ نہیں لے کرآئی تاہم حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ کالا قانون لانے سے باز رہے۔ انھوں نے کہا کہ میڈیا نے خود آزادی حاصل کی ہے اور یہ آزادی ان سے کوئی نہیں چھین سکتا اور یہ جمہوریت اور نظام کی بات ہے۔
شہباز شریف نے واضح کیا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن میں اپوزیشن اس مجوزہ بل پر احتجاج کرے گی اور واک آؤٹ کے بعد دوبارہ دھرنے میں آئیں گے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ اپوزیشن کی کوشش ہوگی کہ پاکستان پیپلزپارٹی اورعوامی نیشنل پارٹی کے ساتھ مل کر لائحہ عمل طے کریں۔
اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری نے صحافیوں کے دھرنے سے خطاب میں کہا تھا کہ اگر یہ قانون بنا تو فورا عدالت سے رجوع کریں گے کیوں کہ شک ہے کہ حکومت مشترکہ اجلاس سے یہ بل پاس کرانا چاہتی ہے اوراس لیے آج اس بل کے خلاف پارلیمنٹ میں احتجاج کریں گے۔