اسلام آباد:ملک بھر میں کورونا وائرس کے وار جاری ہیں ، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 78 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ دو ہزار 580 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر( این سی او سی) کے مطابق حالیہ اموات کے بعد پاکستان میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 26 ہزار 865 ہو گئی جبکہ کورونا سے 12 لاکھ 10 ہزار 82 افراد متاثر ہوئے ۔
پاکستان میں 10 لاکھ 97 ہزار 416 افراد مہلک وائرس کو شکست دے چکے ہیں جبکہ 85 ہزار 801 مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔
سندھ میں کورونا سے چار لاکھ 44 ہزار45 افراد متاثر جبکہ سات ہزار 177 جاں بحق ہوئے ، پنجاب میں چار لاکھ 15 ہزار 654 مریض آئے جن میں سے 12 ہزار259 انتقال کر گئے ۔خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 69 ہزار 40 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی جبکہ پانچ ہزار290 مہلک وائرس کی بھینٹ چڑھے ۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی ایک لاکھ تین ہزار 125 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ کورونا وائرس 889 زندگیاں نگل گیا ۔ گلگت بلتستان میں 10 ہزار 168 مریضوں میں سے 182 کا انتقال ہوا ۔
بلوچستان میں 32 ہزار 618 افراد مہلک وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ 344 وائرس سے زندگی کی جنگ ہار گئے ۔آزاد جموں و کشمیر میں 33 ہزار 432 افراد میں کورونا پایا گیا، ریاست میں 724 افراد کورونا کی نذر ہوئے۔