کوئٹہ:وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی گئی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد بلوچستان اسمبلی کے سیکریٹریٹ میں سیکریٹری صوبائی اسمبلی کو جمع کرادی گئی ہے۔ تحریک عدم اعتماد پر متحدہ اپوزیشن کے 16 ارکان کے دستخط ہیں۔
اس حوالے سے اپوزیشن ارکان کا کہنا تھاکہ جام کمال نے جو کارکردگی دکھائی ہے اس پر انہیں حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں، صوبے میں بد امنی،کرپشن اورلوٹ کھسوٹ کا بازار گرم ہے۔اپویزیشن نے دعوی کیا کہ تحریک عدم اعتامد والے دن سارے نمبر پورے ہو جائیں گے۔
اپوزیشن ارکان کا کہناتھا تحریک عدم پر سات روز میں اجلاس بلایا جائیں گے،ابھی مطلوبی تعداد سامنے نہیں لائیں گے تاہم تحریک عدم اعتماد والے دن سارے نمبر پورے ہو جائیں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو سمیت حکمران جماعت بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے بعض ارکان وزیراعلیٰ سے ناراض ہیں۔ اپوزیشن اس حوالے سے پر امید ہے کہ انہیں حکومت کے ناراض ارکان کی حمایت حاصل ہے۔
دوسری جانب حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ آپس کے اختلافات کو حل کرلیا جائے گا اور کسی رکن کو اپوزیشن کے ساتھ شامل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد جمع کرانا اپوزیشن کا حق ہے لیکن ان کے پاس مطلوبہ تعداد نہیں ،انہیں شکست ہو گی۔