واشنگٹن:امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ طالبان پرعائد اقتصادی پابندیاں نہیں ہٹائیں گے تاہم انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغان شہریوں کی مالی امداد کو یقینی بنایا جائے گا۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق وزیرِ خارجہ اینٹونی بلنکن نے سینیٹ میں ارکان کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے واضح انداز میں بتایا کہ طالبان پر عائد پابندیوں کو ختم نہیں کیا جائے گا البتہ اقوام متحدہ کے اداروں اور این جی اوز کی مدد سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغان شہریوں کی امداد جاری رکھی جائے گی۔
امریکی وزیر خارجہ نے مزید بتایا کہ رواں مالی سال افغان شہریوں کو 33 کروڑ ڈالر کی مالی امداد فراہم کی جائے گی اور یہ اعانت افغان شہریوں کو طالبان کے ذریعے نہیں بلکہ براہ راست پہنچانے کے انتظامات کیے ہیں۔