اسلام آباد:وفاقی حکومت نے عوام پر پٹرول بم گرا دیا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پانچ روپے سے زائد کا اضافہ کردیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی حکومت نے پٹرول پانچ روپے جب کہ ڈیزل پانچ روپے ایک پیسہ فی لٹر مہنگا کرنے کی منظوری دے دی۔ اس کے علاوہ مٹی کے تیل کی قیمت میں پانچ روپے 42 پیسے جب کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں پانچ روپے 92 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق حالیہ اضافے کے بعد پٹرول 123 روپے 30 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 120 روپے چار پیسے فی لٹر ہوگیا ۔ مٹی کا تیل 92 روپے 26 پیسے جب کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت 90 روپے 69 پیسے ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے گزشتہ روز پٹرول ایک روپیہ اور ڈیزل ساڑھے 10 روپے مہنگا کرنے کی تجویز دی تھی تاہم حکومت نے دونوں کو ملا کر 10 روپے مہنگا (پٹرول 5، ڈیزل 5.01 روپے) کرنے کی منظوری دی ہے۔ اس کے علاوہ مٹی کا تیل تجویز سے آٹھ پیسے کم اور لائٹ ڈیزل اوگرا کی تجویز سے 42 پیسے زیادہ مہنگا کیا گیا ہے۔