پاکستان کے معروف کامیڈین عمر شریف اور اہلخانہ کو امریکہ کے ویزے جاری کر دیے گئے ۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عمر شریف کو علاج کییئے امریکہ کا ویزا جاری کر دیا گیاہے جس پرامریکی قونصل خانے کا شکریہ ادا کرتے ہیں،عمر شریف کل یا پرسوں امریکا روانہ ہوں گے ۔
عمر شریف کی خواہش کے مطابق ان کی اہلیہ زرین عمر ساتھ جائیں گی، پاکستان کی معروف اداکارہ ریما کے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب ان کی سرجری کیلیے انتظامات کریں گے۔
یاد رہے کہ عمر شریف کو دل کا دورہ پڑا تھا جس کے ایک ماہ بعد ان کی طبیعت دوبارہ خراب ہوئی اور انہیں ہسپتال لے جایا گیا ۔ عمر شریف کی بیماری کا علاج پاکستان میں ممکن نہیں تھا جس پرا نہوں نے امریکہ جانے کیلیے حکومت پاکستان سے ویزا اور دیگر معاملات کیلیے اپیل کی ۔ حکومت سندھ کی جانب سے بھی ویزا کے حصول کیلیے کوششیں شروع کی گئیں جو کہ اب رنگ لے آئیں ۔
سندھ حکومت نے عمر شریف کو امریکہ لے جانے کیلیے ایئر ایمبولینس کا انتظام کر لیاہے جبکہ ان کیلیے خصوصی طور پر چارکروڑ روپے کے فنڈ بھی جاری کر دیے گئے ہیں جو ان کے علاج پر خرچ کیے جائیں گے ۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ عمر شریف کے صاحبزادے اوراہلیہ کی جانب سے بھی حکومت سے مدد کیلئے پیغامات سامنے آئے تھے جس پر عمران خان نے بھی جلد از جلد انتظامات کی ہدایت کی تھی ۔