سندھ اسمبلی اجلاس کے دوران اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و رکن صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی ہے۔
دورانِ اجلاس خرم شیر زمان نے طنزکے تیر برساتے ہوئے کہا کہ اسپیکر صاحب آپ 2 بجے اجلاس کراتے تھے، وہ وقت صحیح تھا، لیکن یہ مجھے رات کا اثرلگتا ہے۔
اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج دُرانی نے کہا کہ میں نے آپ کے مشورے پر صبح اجلاس کیا، چاہتے ہیں کہ اپوزیشن کے مطابق چلیں۔
اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رکنِ سندھ اسمبلی تیمور تالپور نے خرم شیر زمان پر جوابی وار کرتے ہوئے اسپیکر سے کہا کہ ان کی ناک چیک کر لیں اس پر پاؤڈر لگا ہوتا ہے۔
تیمور تالپور نے کہا کہ پتہ ہے اسپیکر صاحب! آج تک جدید منشیات پر کیوں پابندی نہیں لگی؟ کیونکہ ان کے بڑے یہ استعمال کرتے ہیں۔اس کے بعد اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور خرم شیر زمان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔
خرم شیر زمان نے اسپیکر سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ انہیں بچانے کے لیے ہمیشہ یہ طریقہ اپناتے ہیں۔اسپیکرآغا سراج درانی نے انہیں جواب دیا کہ میرا کام ہے جو کرتا ہوں، آپ بیٹھ جائیں، آپ سمجھتے کچھ نہیں، صرف بولتے ہیں۔