ہمارے پاس دورہ منسوخ کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں تھا۔ فائل فوٹو
ہمارے پاس دورہ منسوخ کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں تھا۔ فائل فوٹو

خطرے کی تفصیلات پاکستان کو نہیں بتا سکتے۔نیوزی لینڈ کرکٹ چیف ایگزیکٹیو

نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ نے کہا ہے کہ کرکٹ ٹیم کولاحق خطرے کی تفصیلات نہ پاکستان کو بتائی گئیں اور نہ ہی بتائی جائیں گی، پاکستان کے خلاف سیریز کھیلنے کے لیے ٹیم پرعزم تھی ،اس سے قبل پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ اورخطرات سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا تھا لیکن جمعہ  کو ہر چیز بدل گئی، اس حوالے سے دی گئی ہدایات اور ممکنہ خطرے کے پیش نظر حالات بھی بدل گئے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کیوی بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورے کی منسوخی کی مختصر وجوہات پاکستان کرکٹ بورڈ کو بتائی گئی ہیں تاہم تفصیلی انداز میں نہ تو انہیں بتایا گیا ہے اور نہ ہی بتایا جائے گا۔ ہمیں معلوم ہے کہ یہ پی سی بی کے لیے انتہائی مشکل وقت ہے لیکن ہمارے پاس دورہ منسوخ کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں تھا۔ وہ اس کے علاوہ کیا کہہ سکتے ہیں کہ ہمیں جو ہدایات ملیں وہ ٹیم کو درپیش ممکنہ خطرے سے متعلق ایک ذمے دار اور انتہائی محتاط ذریعے سے ملنے والی رپورٹس کا نتیجہ تھیں۔

ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ  نیوزی لینڈ حکومت کی جانب سے ملنے والی ہدایات کی روشنی میں ہم نے انتہائی ذمے دارانہ قدم اٹھایا۔ ہم نے فیصلہ کرنے سے پہلے نیوزی لینڈ کے حکومتی عہدیداروں کے ساتھ کافی بات چیت کی اور پی سی بی کو اپنے موقف سے آگاہ کرنے کے بعد ہی ہم سمجھتے ہیں کہ دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے عین اس وقت پاکستان کا دورہ منسوخ کردیا تھا جب دونوں ٹیموں کے درمیان راولپنڈی میں شیڈول ایک روزہ میچز کی سیریز کا پہلا میچ شروع ہونے میں 2 گھنٹے سے بھی کم وقت رہ گیا تھا، اور نیوزی لینڈ ٹیم کئی روز سے پاکستان میں موجود تھی۔