لاہور:جمعیت علمائے اسلام اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ عالمی اسٹیبلشمنٹ اسلام اور پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہی ہے، ہم خلافِ اسلام قانون سازی کی کوششوں کے خلاف تحریک چلائیں گے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے لاہور میں وفاق المدارس العربیہ کی مجلس شوریٰ عمومی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی اسٹیبلشمنٹ ہمارے وفاق المدارس کو توڑنا چاہتی ہے اور اس حوالے سے متعدد بار کوششیں بھی ہوچکی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ دینی مدارس برطانوی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف بھی جدوجہد کرچکے ہیں، حکومت خلاف اسلام قانون سازی سے باز رہے۔
مولانا فضل الرحمٰن کا مزید کہنا تھا کہ جلد تمام علمائے کرام سے مشاورت کے بعد پارلیمنٹ میں ہونے والی قانون سازی کے خلاف احتجاج کا اعلان کریں گے۔