ویلنگٹن:نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے دورہ پاکستان منسوخ کرنے کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اندازہ ہے کہ پاکستانیوں کو دورہ منسوخ ہونے سے کتنی مایوسی ہوئی ہوگی ۔
تفصیلات کے مطابق کپتان کین ولیمسن دبئی میں ’انڈین پریمیئر لیگ ‘ میں ” سن رائزر حیدرآباد “ کی قیادت کر رہے ہیں جس کے باعث وہ پاکستان سیریز کیلیے نہیں آ سکے لیکن وہ حالات حاضرہ سے بخوبی آگاہ ہیں اور انہوں نے دورہ منسوخی پر اپنا رد عمل بھی جاری کر دیاہے ۔ کین ولیمسن نے کہا کہ ” مجھے اس معاملے کی تفصیلات کا علم تو نہیں لیکن یہ سب اچانک ہوا جو شرمناک ہے ، پاکستان میں کرکٹ کو بہت پذیرائی حاصل ہے ۔وہاں بہت زیادہ جذبہ ہے اور مجھے لگتا ہے کہ کھلاڑیوں کو سیریز شروع نہ ہونے پر بہت مایوسی ہوئی ہو گی ، چونکہ میں دبئی میں آئی پی ایل کھیل رہاہوں اس لیے میں تفصیلات سے آگاہ نہیں ہوں ، مجھے آئندہ کچھ دنوں میں اس سے متعلق مزید معلومات مل جائیں گی ۔“
کین ولیمسن نے انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ” آپ تمام ممالک میں کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں ، یہ بین الاقوامی کھیل ہے اور پوری دنیا میں اس سے متعلق بے پناہ جذبہ موجود ہے ، خصوصاً پاکستان میں ، سیریزکو وہاں واپس جاتے ہوئے دیکھنا دلچسپ تھا اور میں جانتاہوں کہ ہماری ٹیم اس کی منتظر تھی ، کھلاڑیوں کی حفاظت سب سے اہم ہے اور جب آپ حکومت کی طرف سے پیغامات سنتے ہیں تو یہ یقینی طور پر کھلاڑیوں کے سر سے اوپر کی بات ہے ۔“
انہوں نے کہا کہ ” ٹیم واضح طور پر وہاں تھی اورگرائونڈ میں جانے کیلئے تیار تھی ، یہ سب بہت اچانک ہوا، میں یقین سے کہہ سکتاہوں کہ اس سے کوئی دیر پااثر نہیں پڑے گا کیونکہ وہاں کرکٹ کیلئے خاص جگہ ہے ، پاکستان میں کرکٹ کو واپس لانے اور کھیل کو محفوظ بنانے کیلئے بہت سے اقدامات اور کوششیں کی گئیں ہیں ۔ “ان کا کہناتھا کہ ” ہم نے یہ کئی موقعوں پر ہوتا ہوا دیکھا ہے ، لہذا امید ہے کہ وہاں بہت زیادہ کرکٹ آنے والی ہے ۔“