اسلام آباد:وفاقی حکومت نے چہلم امام حسینؑ کے موقع پر تمام صوبوں میں موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمدکا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کی واپسی کا الزام اپوزیشن والے ہمیں دے رہے ہیں حالانکہ کابینہ نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو آرمی کی سیکیورٹی مہیا کی جو کہ وزارت داخلہ کا نہیں بلکہ کابینہ کا متفقہ فیصلہ تھا،اتنی نیوزی لینڈ میں فورسز نہیں ہوں گی جتنی ہم نے سیکیورٹی مہیا کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ آج کی میٹنگ میں وزارت داخلہ کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ چہلم امام حسین کے موقع پر پولیس اور رینجرز کے ساتھ ساتھ پاک فوج کے جوان بھی سیکیورٹی پر تعینات ہوں گے جبکہ صوبوں کی سفارش پر19اور 20سفر کو موبائل سروس معطل رکھی جائے گی۔
شیخ رشید نے کہا کہ ہم دو پاسپورٹس، شناختی کارڈزاور جن کا ویزر اوور ہو چکا ہے اور بہت عرصے سے پاکستان میں چھپے بیٹھے ہیں ان کو 30اکتوبر تک چھوٹ دے رہے ہیں کہ وہ جو بھی پاسپورٹ یا شناختی کار ڈ وڈرا کرانا چاہیں کروا لیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارا پہلے روز سے ایک ہی بیانیہ ہے کہ افغانستان میں امن اور استحکام آئے اور اس کا تعلق براہ راست پاکستان سے ہے، وزیرا عظم عمرا ن خان نے بہت واضح طور پر تاجکستان میں کہا کہ وہ افغانستان میں مخلوط حکومت بنوانے کی بھرپور کوشش کریں گے،
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں 50وارڈزکی بجائے 100وارڈز میں بلدیاتی الیکشن کرائے جائیں گے ، وارڈز مردم شماری کے تحت بنائے گئے ہیں جن کی منظوری وفاقی کابینہ سے لے لی گئی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کی واپسی کا الزام اپوزیشن والے ہمیں دے رہے ہیں حالانکہ کابینہ نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو آرمی کی سیکیورٹی مہیا کی جو کہ وزارت داخلہ کا نہیں بلکہ کابینہ کا متفقہ فیصلہ تھا،اتنی نیوزی لینڈ میں فورسز نہیں ہوں گی جتنی ہم نے سیکیورٹی مہیا کی، یہ ہماری ذمہ داری تھی، پاکستان میں سری لنکا سمیت دیگر ٹیمیں بھی کھیلنے آئی ہیں ایساکوئی واقعہ نہیں پیش آیا، نیوزی لینڈ والوں نے یکطرفہ فیصلہ کیا ہے جس پر پوری قوم کو افسوس ہے،قوم کو کہوں گا یہ مایوسی کفر ہے، ایک دن آئے گا جب سب ٹیمیں پاکستان کھیلنے آئیں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کے پاس صرف دو ہی خبریں ہیں ایک شیخ رشید اور دوسرے طالبان ہیں، بارڈ ر مینجمنٹ میرے پاس ہے، یہ فوج میری ہے، میں فوج کا ہوں،مجھے خوشی ہوئی کہ میں نے سیاچن کا دورہ بھی کیا ہے، بھارت کو میرے بارڈر پر دورہ کرنے سے کیا تکلیف ہے، اور آپ کو اندازہ نہیں ہے کہ میرے وہاں جانے پر فوج کے جوان خوش ہوئے ۔