اسپین کنیری جزائرکے آتش فشاں نے تباہی مچانا شروع کردی،ماہرین نے جزیرے میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا۔رپورٹ کے مطابق لاپاما جزیرے میں 100سے زائد گھر تباہ اور5ہزار سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ۔
لاوے سے نکلنے والی زہریلی گیسوں کے باعث شہریوں کو سانس لینے میں تکلیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، لاپاما جزیرے میں 80 ہزار سے زائد افراد رہائش پذیر ہیں۔
کمبرے ویئخا نامی اس آتش فشاں سے اتوار کی شام پہلے راکھ اور دھوئیں کے بادل اٹھنا شروع ہوئے جس کے بعد لاوے کا اخراج ہوا جو پھیلتا ہوا قریبی دیہات تک پہنچ گیا۔
مقامی میئر کے مطابق 15 میٹر تک بلند ہونے والے لاوے نے ایل پاسو گاؤں کے ایک درجن سے زائد گھروں اور اس سے متصل سڑکوں کو صفحۂ ہستی سے مٹا دیا ہے۔
لاوا لاس لینوس دی آریدانے کی جانب بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے سیکڑوں گھروں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ کنیری آئی لینڈز کئی چھوٹے بڑے جزیروں کا مجموعہ ہے جہاں لاکھوں سیاح آتے ہیں۔ جبکہ یہاں آتش فشاں آخری بار 50 سال قبل پھٹا تھا۔