خرطوم:سوڈان میں آرمڈ کورکے چند افسران نے حکومت کا تختہ الٹنے کی ناکام کوشش کی جب کہ بغاوت کی قیادت کرنے والے جنرل کو بھی گرفتارکرلیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق سیاسی و حکومتی بحران کے شکار سوڈان میں فوج کے 20 اعلیٰ افسران نے آرمڈ کورکا کنٹرول حاصل کرلیا اورحکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کی تاہم سرکاری ٹیلی وژن اور ریڈیو پر قبضے کے لیے جانے والے افسران کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
سوڈان فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بغاوت کی قیادت کرنے والے جنرل عبدالباقی کو چند ساتھیوں سمیت گرفتارکرلیا گیا اور حالات کنٹرول میں ہیں تاہم آرمڈ کورکے دستوں سے باغی افسران اور اہلکاروں کا قبضہ چھڑوانے کے لیے آپریشن جاری ہے۔
سوڈان کی فوج نے موبائل سروس اور دارالحکومت خرطوم کا زمینی رابطہ عارضی طور پر منقطع کردیا ہے۔ سرکاری ٹی وی سے ناکام بغاوت کی خبر نشرکی گئی ہے، اس حوالے سے فوج کی جانب سے جلد تفصیلی بیان جاری کرنے کی اطلاع دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ مسلسل 30 برس تک سوڈان پرحکمرانی کرنے والے عمرالبشیرکی 2019 میں معزولی اور گرفتاری کے بعد سے تاحال مستحکم سیاسی حکومت قائم نہیں ہوسکی اوراس وقت عبداللہ حمدوک اشتراک اقتدار کے معاہدے کے تحت نگراں وزیر اعظم ہیں۔