لاہور:مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناءاللہ نے کہا کہ مریم نواز نے پارٹی کے لئے بہت قربانیاں دیں اور پارٹی بیانیے کو آگے بڑھایا ، وہ مسلم لیگ ن کا مستقبل ہیں ۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ مخالفین مسلم لیگ ن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں ، پارٹی کو منظم کریں گے ، جاوید لطیف کو پارٹی کی جانب سے شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے ، مسلم لیگ ن میں کوئی کسی کے خلاف بات نہیں کر سکتا، اگر کسی سے ہو گئی اوراس نے بعد میں اصلاح کر دی تو اس کو تنقید کا ہدف نہیں بنانا چاہیے ، ایسی باتیں ہر جماعت میں ہوتی رہتی ہیں ، کسی کے پاس الفاظ کا چناؤ اچھا نہیں بھی ہوتا۔
رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ ن لیگ میں کوئی اختلاف نہیں ، گزشتہ دنوں میرے دائیں ش اور بائیں ن تھے تو آپ کو مان جانا چاہئے کہ کوئی اختلاف نہیں ،ووٹ کے فیصلے کو تبدیل کی بجائے تسلیم کیا جائے ، ووٹ کو عزت دینے سے ملکی مسائل حل ہو سکتے ،تین سال سے اپوزیشن کے خلاف کیا کیا نازیبا زبان استعمال نہیں کی گئی ، یہ الیکشن کمیشن پر الزامات نہیں لگا رہے ، گالیاں دے رہے ہیں ،ان کے منہ کو بد زبانی اور بد کلامی لگی ہوئی ہے ، یہ ٹیپ لگا کر صحافیوں کا منہ بند کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، میڈیا پر قدغن لگانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔
رانا ثناءاللہ نے مزید کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی عمران خان کا فون اٹھاتا نہیں ، جوبائیڈن اس کو فون کرتا نہیں ، نیوزی لینڈ کی وزیراعظم یقین نہیں کرتی ۔