منشیات زمینی پٹرولنگ کے دوران قبضے میں لی گئیں۔فائل فوٹو
منشیات زمینی پٹرولنگ کے دوران قبضے میں لی گئیں۔فائل فوٹو

بھارتی گجرات میں دو ارب 70 کروڑ امریکی ڈالرکی ہیروئن برآمد

احمد آباد:انڈیا میں سمگلنگ کی روک تھام کرنے والے انٹیلیجنس حکام نے گجرات کی ایک بندرگاہ پرایک بڑی کارروائی کے دوران 2700 کلوگرام یعنی تقریباً تین ٹن ہیروئن ضبط کی ہے جس کی مالیت دو ارب 70 کروڑ امریکی ڈالر بتائی جا رہی ہے۔

حکام نے بتایا کہ ضبط شدہ منشیات کی فرانزک جانچ جاری ہے تاکہ اس کی صحیح قدرو قیمت کا تعین کیا جا سکے۔

اس بابت ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دو افراد کو گرفتارکیا گیا ہے اور دیگر سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ہیروئن کی یہ کھیپ افغانستان سے چلی تھی جہاں اسے قدرتی سفید پتھرکا پاؤڈر قراردیا گیا تھا۔اسے ایران سے گجرات کی مندرا بندرگاہ پر بھیج دیا گیا۔

ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلیجنس (ڈی آرآئی) نے کہا کہ اسے خفیہ اطلاع ملی تھی کہ ایران کے بندر عباس پورٹ سے ایک کھیپ نکل رہی ہے جس میں مشتبہ طور پر منشیات ہے۔

ڈی آر آئی نے کہا کہ انٹیلیجنس نے یہ بھی انکشاف کیا کہ یہ کھیپ جنوبی ہند کے شہر وجے واڑا کی ایک کمپنی درآمد کر رہی ہے۔

ریونیو انٹیلی جنسی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’جب ہمارے افسران نے کنسائنمنٹ کو حراست میں لیا اور اس کی جانچ کی تو کنٹینرز سے مشتبہ نشہ آور ادویات برآمد ہوئیں اور ہیروئن کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔

ایجنسی نے کہا کہ اب تک کی گئی تحقیقات میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے، جن سے تفتیش جاری ہے۔