چیک پوسٹ پر حملے کی ذمے داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔فائل فوٹو
چیک پوسٹ پر حملے کی ذمے داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔فائل فوٹو

جلال آباد چیک پوسٹ پر حملہ۔3 افراد جاں بحق

 افغانستان میں جلال آباد چیک پوسٹ پر مسلح افراد نے دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جلال آباد چیک پوسٹ پرایک رکشا آکررکا جس میں مسلح افراد موجود تھے، رکشہ سواروں نے تلاشی دینے سے انکارکرتے ہوئے چیک پوسٹ پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

فائرنگ سے 3 افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جن میں سے دو چیک پوسٹ کی حفاظت پر مامور طالبان اہلکار تھے۔ 4 افراد زخمی ہیں جنھیں اسپتال میں طبی امداد کے بعد گھر جانے کی اجازت دیدی گئی۔

تاحال جلال آباد چیک پوسٹ پر حملے کی ذمے داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی تاہم چند روز قبل جلال آباد میں ہی گشت پر مامورگاڑی پر حملے میں 2 طالبان کے قتل کی ذمے داری داعش خراسان نے قبول کی تھی۔

دوسری جانب جلال آباد میں ہی ناکارہ بنانے کی کوشش کے دوران بارودی سرنگ دھماکے سے پھٹ گئی جس کے نتیجے میں دو طالبان زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔