لاہور:نیب نے مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس تیار کرلیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق نیب لاہور نے مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس تیار کرلیا جسے منظوری کے لیے چیئرمین نیب کو بھجوادیا گیا ہے۔
ریفرنس میں رانا ثناءاللہ پر 19 کروڑ روپے کے اثاثے غیر قانونی طورپر بنانے کا الزام عائد کیا گیا ہے، ریفرنس میں مزید کہا گیا ہے کہ لیگی رہنما نے متعدد بار نیب لاہور میں پیش ہوکر بیان ریکارڈ کرایا تاہم نیب کو مطمئن نہیں کر سکے۔
واضح رہے کہ نیب لاہورنے ریجنل بورڈ میٹنگ میں رانا ثناء اللہ کے خلاف انکوائری کو انویسٹی گیشن میں بدلنے کی منظوری دی تھی ، رانا ثنا اللہ کے خلاف منشیات برآمدگی سے متعلق کیس بھی زیر سماعت ہے۔