لاہور:آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کا نام بھی پاکستان سے ویکسی نیشن کرانے والے افراد میں شامل کیا گیا ہے۔
جماعت اسلامی کے مرکزی ترجمان قیصر شریف نے اپنے ایک ٹویٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم کا شناختی کارڈ نمبرلاہور میں ویکسی نیشن کرانے والے افراد میں درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ کیا ماجرا ہے؟قیصر شریف کا نواز شریف کو ویکسین لگائے جانے کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’اس سے تبدیلی حکومت کے نظام اور شفافیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔‘
سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف صاحب کے شناختی کارڈ نمبر 35201۔53698367 کا لاہور میں ویکسینیشن کروانے والے افراد میں اندراج ، یہ کیا ماجرا ہے ؟؟؟
اس سے تبدیلی حکومت کے نظام اور شفافیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔#تبدیلی— Qaisar Sharif (@Qaisarsharif555) September 22, 2021
پنجاب حکومت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے شناختی کارڈ پر ویکسی نیشن کے جعلی اندراج سے متعلق معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ نوازشریف کا شناختی کارڈ کس نے استعمال کیا اس پر تحقیقات جاری ہیں ، نوازشریف ، مریم نواز اور خاندان کے فراڈ کے چرچے بھارت تک ہیں، جس نے بھی بڑے فراڈیئے کا شناختی کارڈ استعمال کیا ہے اس کو سزا ملے گی ۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کوٹ خواجہ سعید ہسپتال میں نوازشریف کا شناختی کارڈ استعمال کرتے ہوئے چینی ویکسین ” سائنو ویک “ کی پہلی ڈوز لگائی گئی ۔ نوازشریف اس وقت لندن میں موجود ہیں ۔