ویلنسیوس:یورپی ملک لیتھوانیا کے محکمہ دفاع نے عوام سے چینی ساختہ موبائل فون پھینکنے اور نئے فون نہ خریدنے کی ہدایات جاری کردیں۔
بی بی سی کے مطابق لیتھوانیا کی وزارت دفاع نے عوام کو تنبیہہ کی ہے کہ وہ اپنے چینی ساختہ موبائل فون پھینک دیں اور نئے چینی فون خریدنے سے باز رہیں۔
وزارت دفاع کا یہ بیان نیشنل سائبر سیکیورٹی سینٹر کی جانب سے چینی تیار کنندگان کیے 5G موبائل فونز کے معائنے کی رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ ایک شیاؤ می موبائل میں پہلے سے سینسرشپ ٹولز انسٹال تھے، جب کہ ہواوے کے ایک ماڈل میں سیکیورٹی خامیاں تھی، شیاؤ می کا کہنا ہے کہ وہ کمیونیکیشن کو سینسر نہیں کرتے اور ہواوے کہتی ہے کہ وہ استعمال کنندگان کے ڈیٹا کو باہر نہیں بھیجتے۔
اس بارے میں نائب وزیر دفاع مارگریز ابوکویسیز کا کہنا ہے کہ ہماری تجویز یہی ہے کہ عوام جلد از جلد اپنے پاس موجود چینی موبائل فونز سے جان چھڑائیں اور نئے چینی فون خریدنے سے گریز کریں۔