دوپہر میں کراچی کے اطراف تھنڈر سیلز بن سکتے ہیں۔فائل فوٹو
دوپہر میں کراچی کے اطراف تھنڈر سیلز بن سکتے ہیں۔فائل فوٹو

کراچی میں موسلادھار بارش کے بعدبرساتی نالے ابل پڑے۔ٹریفک جام

کراچی میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آ گئے اور سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا، برساتی نالے ابل پڑے، جگہ جگہ ٹریفک جام اور250 سے زائد فیڈرزٹرپ کرگئے جس سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

تیز بارش کے باعث ضلع وسطی کی متعدد مرکزی شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا ،شاہراہ عثمان پر حیدری مارکیٹ ، ناگن چورنگی اور شاد مان ٹاون کا برساتی نالہ ابل پڑا۔

فورکے چورنگی سے دومنٹ چورنگی تک سڑک کا زیر آب آ گئی، شاہراہوں پر پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہو کررہ گئی،گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی،منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہونے لگا۔

ادھر 250 سے زائد فیڈرز سے بجلی کی فراہمی بند ہو گئی ہے، سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی ، نیو کراچی ، اورنگی ٹاؤن اور بلدیہ میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

اولڈ صدر ، لیاری ، کورنگی ، محمود آباد ،ملیر،شاہ فیصل کالونی  اورسعود آباد کے علاقوں کو بجلی کی فراہمی بند ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر کے باعث کچھ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند کی گئی ہے،بارش کے پانی کی نکاسی مکمل ہوتے ہی بجلی بحال کردی جائے گی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں  سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاون میں 70ملی میٹر ریکارڈ  کی گئی، نارتھ کراچی میں 49.2،پی اے ایف فیصل بیس میں 47ملی میٹر،ناظم آباد میں 20.2،سعدی ٹاون میں 16.1اوریونیورسٹی روڈمیں14ملی میٹر بارش ہوئی۔

اورنگی ٹاون میں 10.6،قائدآباد میں 8.5،گلشن حدید میں 5ملی میٹر،ڈی ایچ اے فیزٹومیں 7،پی اے ایف مسروبیس 5 ،کیماڑی میں 2.7،معمارمیں 3.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں مون سون بارشیں برسانے والا سسٹم داخل ہو گیا ہے، آئندہ تین روز کے دوران ہلکی اور تیز بارش کا امکان ہے۔