کراچی میں دو سال قبل اغواہوجانے والی لڑکی کو پولیس نے گزشتہ روزاس کے بھائی کے کمرے سے ہی بازیاب کرا لیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق لڑکی کو کراچی کے علاقے رنچھوڑلائن میں واقع گھر سے بازیاب کرایا گیا۔ اس 36سالہ لڑکی کا نام شاہین بتایا گیا ہے جسے اس کے اقبال احمد نامی بھائی نے ہی اغواکرکے اپنے گھر میں قید کر رکھا تھا۔
لڑکی کے ماموں نے شبہ ہونے پر اپنے بھانجے کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا اورجب پولیس نے چھاپہ مارا تو حقیقت میں گھر سے لڑکی برآمد ہو گئی۔ پولیس کے مطابق یہ کمرہ باقی گھر سے الگ تھلگ تھا، جس میں لڑکی انتہائی ناگفتہ بہ حالت میں موجود تھی۔ ملزم کو موقع پرہی گرفتارکرلیا گیاجس نے دو سال سے لڑکی کو اس کمرے میں بند کر رکھا تھا۔
پولیس کے مطابق اگرچہ ملزم لڑکی کو کچھ کھانا مہیا کرتا رہا تھا لیکن لڑکی سوکھ کر ہڈیوں کا ڈھانچہ بن چکی تھی اورجب اسے بازیاب کرایا گیا تو اس کا وزن محض 25کلوگرام تھا۔ لڑکی کا طبی معائنہ کرایا جا چکا ہے جس کی رپورٹ آنی ابھی باقی ہے۔ تاحال ملزم کے اپنی بہن کو گھر میں قید رکھنے کی وجہ سامنے نہیں آ سکی۔