اسلام آباد:قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) نے کراچی میں ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کرنے کے لیے کراچی سرکلر ریلوے کے منصوبے کی منظوری دیدی۔
ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیر منصوبہ بندی اسدعمرنے کہا کہ ایکنک نے 20.7 ارب روپے کا کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ منظورکرلیا۔ نیو کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کے افتتاح وزیر اعظم عمران خان اگلے ہفتے کریں گے اور افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔
نیو کراچی سرکلر ریلوے کے لیے بغیر پھاٹک نیا ٹریک بچھایا جائے گا اورہر6 منٹ بعد ٹرین اسٹیشن پر آئے گی ۔ اس منصوبے سے یومیہ 3 سے 5لاکھ مسافروں کے مستفید ہونے کا امکان ہے۔
ملک کے سب سے بڑے شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل کرنے اوراہم مقامات کو ملانے کے لیے اندرون شہر ریل سروس کا منصوبہ سب سے پہلے 1976 میں تجویز کیا گیا تھا۔ اس منصوبے کا متعدد بار فزیبیلٹی جائزہ لیا گیا اور متعدد فورمز پر منظوری بھی دی گئی لیکن اسے کبھی عملی جامہ نہیں پہنایا جا سکا۔