پولیس نے سینکڑوں گھروں کو مسمار کرکے شہریوں کو بے دخل کردیا۔فائل فوٹو
پولیس نے سینکڑوں گھروں کو مسمار کرکے شہریوں کو بے دخل کردیا۔فائل فوٹو

بھارت میں پولیس اور ہندو بلوائیوں کے تشدد سے4مسلمان شہید

بھارت میں پولیس اور ہندو بلوائیوں نے آسام،اترپردیش اور بہار میں 4 مسلمانوں کو شہید اور متعدد کو زخمی کر دیا۔

بھارتی ریاست آسام کے ضلع دارنگ میں ریاستی حکومت کی طرف سے بے دخلی کے خلاف احتجاج کرنے والے مسلمانوں پر بھارتی فورسز کے وحشیانہ تشدد سے کم سے کم دو افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔

پولیس نے سرکاری اراضی  پر قبضہ کے نام پر آپریشن کرتے ہوئے آٹھ سو گھروں کو مسمار کرکے شہریوں کو بے دخل کردیا۔یہ کارروائی سیپاجھر ریونیو سرکل کے تحت دھول پورکے علاقہ میں کی گئی۔ سینکڑوں پولیس ملازمین کے ساتھ مقامی انتظامیہ  کے عہدیدار وں نے کارروائی میں حصہ لیا  جس میں دو مساجد اور ایک مدرسہ بھی شہید کردیے گئے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں بھارتی پولیس کو ضلع دارنگ میں نہتے مظاہرین کاپیچھا کرتے ہوئے مسلمانوں کو وحشیانہ تشددکا نشانہ بناتے ہوئے دکھایاگیاہے۔

آسام کے ضلع درنگ میں ہونے والے اس تصادم سے متعلق اس مبینہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہاتھ میں کیمرا لیے ایک شخص ہلاک ہونے والے شخص کی لاش پر کود رہا ہے۔

بعد میں سامنے آنے والی اطلاعات کے بعد معلوم ہوا کہ کودنے والا شخص ایک مقامی فوٹوگرافر ہے جس کی خدمات ضلعی انتظامیہ نے صورتحال کو ریکارڈ کرنے کے لیے حاصل کی تھیں۔ اس واقعے کے بعد اس شخص کو شناخت کر لیا گیا ہے اور حراست میں لے لیا گیا ہے۔

ریاستی حکومت نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ حکومت آسام کے ہوم ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اس واقعے کی گوہاٹی ہائی کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کی قیادت میں انکوائری کی جائے گی۔

بھارت میں ہندو انتہاپسندوں کی طرف سے مسلمانوں پر حملوں اور وحشیانہ تشددکاسلسلہ جاری ہے اوربہاراوراتر پردیش کی ریاستوں میں ہندو بلوائیوں نے ایک 65سالہ معمر مسلمان اور ایک 25سالہ نوجوان کو شہید اور دو دوسرے مسلمان شہریوں کووحشیانہ تشددکانشانہ بنایا۔

ریاست بہارکے ضلع مدھی پورہ میں ہندوانتہاپسندوں کے ایک گروپ جس میں مردوخواتین دونوں شامل تھے نے ایک معمرمسلمان کوقتل کردیا۔ نوافرادکے خلاف معمرمسلمان کے قتل کامقدمہ درج کیاگیا جس میں چارخواتین اورپانچ افرادکوگرفتارکیاجاچکاہے۔

بہارکے ضلع کیمورمیں بعض نامعلوم افرادنے گھرکے باہرسوئے ہوئے 25 سالہ مسلم نوجوان سید خان کوبے رحمی سے گلاکاٹ کر قتل کردیا۔

دریں اثنا بھارتی ریاست اترپردیش کے شہرمتھورا میں ایوب اورمعظم نامی دومسلمانوں کوگائے کا گوشت لے جانے پرہندوجنونیوں نے وحشیانہ تشدد کانشانہ بنایا۔