ڈیلس:ماضی کے سینئر اداکار طلعت اقبال مختصر علالت کے بعد امریکا میں انتقال کرگئے، اہلِ خانہ نے اداکار طلعت اقبال کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔
اداکار طلعت اقبال عرصۂ دراز سے امریکا کی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس میں اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ مقیم تھے، وہ 2 ہفتوں سے اسپتال میں زیرِ علاج اور مصنوعی تنفص پر تھے۔
کچھ روز قبل طلعت اقبال کو جواں سالہ بیٹی سارہ کے حرکت قلب بند ہوجانے سے انتقال کر جانے کے بعد شدید صدمہ لاحق ہوا اور ان کو ملٹی پل ہارٹ اٹیک ہوئے۔
ہارٹ اٹیک کے بعد انہیں ابتدائی طبی امداد کے لیے تشویش ناک حالت میں مقامی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
مرحوم طلعت اقبال کی نمازِ جنازہ آج بعد نماز جمعہ ڈیلس میں واقع مسجد الرحمٰن اسلامک ایسوسی ایشن آف کیرولٹن (IAC) میں ادا کی جائے گی جس کے بعد انہیں ریسٹ لینڈ قبرستان میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔
اداکار طلعت اقبال نے 70ء اور 80ء کی دہائی میں کئی ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کیئے، جبکہ انہوں نے کئی فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔