کراچی:مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کی تاریخ کا کرپٹ ترین حکمران ہے اوراس کے ہاتھ دوسروں کے جیب میں ہوتے ہیں۔
محمد زبیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ایمانداری کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے۔ اگر وزیراعظم کرپٹ نہیں تو تحائف کی تفصیلات بتائیں۔ یہ بیرون ملک سے آنے والے تحائف ہڑپ کرگئے ہیں۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ سال 2018 میں ن لیگ گرین لائن منصوبے کا 80فیصد کام مکمل کرکے گئی ، انہوں نے تین سالوں میں صرف 40 بسیں منگوائیں ،ان کو ن لیگ کا شکریہ ادا کرنا چاہیے ۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں زبردستی نہ ہٹایا جاتا تو کراچی کے لیے بہت سی بسیں آتیں۔ کراچی میں ن لیگ نے بڑے منصوبے شروع کیے۔ کراچی کو ن لیگ نے این ایف سی کے علاوہ بھی حصہ دیا۔پورٹ قاسم میں بجلی کے 2منصوبے ن لیگ نے شروع کیے اور مکمل کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ سال ہو گیا عمران خان نے کراچی کے لیے گیارہ سو ارب روپے کا اعلان کیا تھا۔ ن لیگ کے اقدامات کی وجہ سے کراچی میں امن آیا۔کے فور منصوبہ ہم نے جہاں چھوڑا تھا آج بھی وہیں ہے۔ علی زیدی کو 3 اعشاریہ 5 ارب ڈالر کا پتہ نہیں ہوگا کہ کتنے صفر ہیں۔
محمد زبیر نے کہا کہ پنجاب میں بھی ہمارے منصوبوں پر پی ٹی آئی حکومت اپنی تختیاں لگا رہی ہے ، حکومت کہتی ہے کوویڈ کی وجہ سے بسیں منگوانے میں تاخیرہوئی ، ہماری حکومت میں جو کام ہوئے اس کی گواہی پورا پاکستان دیتا ہے ۔ لیاری ایکسپریس وے کو بھی ہم نے ہی بنایا ۔
محمد زبیر نے کہا کہ ہمارے دور میں بورڈ آف انویسٹمنٹ کے چیئرمین کراچی سے ہی لگے ، کراچی کے عوام وفاقی حکومت سے پوچھٰیں کہ گرین بسیں تین سال کی تاخیر سے کیوں آئیں ، وزیر اعظم نے 1100 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کیا تھا ، تین سال ہو گئے اس کی رقم کیوں نہیں آئی ، منصوبوں کے اعلانات میں ان سے کوئی نہیں جیت سکتا ، عمران خان کا ہاتھ دوسرے کی جیبوں میں ہوتا ہے ۔