اسلام آبادہائی کورٹ نے نور مقدم قتل کیس میں مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے والدین ذاکر جعفر اورعصمت جعفرکی ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواستیں مستردکردیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں نور مقدم قتل کے کیس میں مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے والدین کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت ہوئی جبکہ ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے ضمانت کی درخواستوں پر مختصر فیصلہ سنایا،تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ٹرائل کورٹ کو 8 ہفتوں میں ٹرائل مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے والدین نے ضمانت کی درخواستیں دائر کر رکھی تھیں جبکہ عدالت نے ضمانت کی درخواستوں پر دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
یاد رہے کہ نور مقدم قتل کیس میں وفاقی پولیس نے ملزم ظاہر جعفرکے والدین کوبھی گرفتارکیا تھا اور پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم کے والد ذاکر جعفر، والدہ عصمت آدم جی کو شواہد چھپانے اور جرم میں اعانت کے الزامات میں گرفتارکیا گیا ہے۔