ان آٹھ شہروں میں ہوٹلوں میں ڈائننگ کی اجازت ہفتے کے ساتوں دن ہو گی۔فائل فوٹو
ان آٹھ شہروں میں ہوٹلوں میں ڈائننگ کی اجازت ہفتے کے ساتوں دن ہو گی۔فائل فوٹو

حکومت کا سینما ، ہوٹل اور مزارات سے پابندیاں ہٹانے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی وزیر اسد عمر نے ویکسی نیشن کا ہدف حاصل کرنے والے شہروں میں سینما ، ہوٹل اور مزارات سے پابندیاں ہٹانے کا اعلان کر دیا، اطلاق یکم اکتوبر سے ہوگا۔ دیگر شہروں میں پابندیوں میں 15اکتوبر تک توسیع کی جا رہی ہے ۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر اسد عمرنے کہا کہ ہم نے کورونا کے پھیلاؤ کے مطابق بندشیں بڑھائی اور کم کیں، جب ڈیڑھ سال قبل کورونا پاکستان میں آیا تو ملک بھر میں یکساں پابندیاں عائد کی گئیں مگر پھر وباکے پھیلاؤ کے مطابق مخصوص علاقوں میں مخصوص پابندیاں بڑھائی گئیں، اب ملک کے آٹھ شہر ایسے ہیں جنہوں نے ویکسین کا ہدف حاصل کر لیا ہے ، ان شہروں میں سینما ، ہوٹل اور مزارات سے مکمل طور پر پابندی اٹھا دی گئی ہے جبکہ دیگر بندشوںمیں بھی کمی کر دی گئی ہے ۔

اسد عمر نے بتایا کہ اسلام آباد ، راولپنڈی ، پشاور ، کوئٹہ ، سکردو ، گلگت ، مظفر آباد ، میر پور میں ویکسی نیشن کا مقرر کردہ ہدف حاصل کرلیا گیا ہے جس کے بعد ان شہروں میں یکم اکتوبر سے اندرونی اجتماعات میں افراد کی تعداد 200سے بڑھا کر 300کر دیا گیا ہے جبکہ کھلی فضا میں ہونے والے اجتماعات کی حد400سے بڑھا کر 1000کر دی گئی ہے ۔ سینما ہال ، مزارات اور ان ڈور ڈائننگ پر سے پابندی مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے لیکن یہاں صرف وہی لوگ آسکیں گے جن کی ویکسی نیشن ہو چکی ہے ۔ان آٹھ شہروں میں ہوٹلوں میں ڈائننگ کی اجازت ہفتے کے ساتوں دن ہو گی جبکہ دیگر شہروں میں ایک دن کی بندش برقرار رہے ۔

اسد عمرنے کہا کہ وباءسے بچنے کا واحد حل ویکسی نیشن ہے ، جب تک عوام ویکسین نہیں لگواتے تو بندشوں کا سامنا کرنا پڑے گا، ہماری خواہش ہے کہ ہم بندشوں سے نکل کر آگے جائیں، وہ ممالک جہاں کے عوام کی ویکسی نیشن مکمل ہو چکی ہے وہاں معمولات زندگی بحال ہو رہے ہیں ، ویکسی نیشن سے کورونا ختم تو نہیں ہو گا یہ پھر بھی رہے گا مگر ہم معیشت ، کاروبار سمیت دیگر معاملات زندگی کو آگے بڑھا سکیں گے ۔

اسد عمرنے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیاہے کہ پابندیوں کا فیصلہ اس بنیاد پر کیا جائے گا کہ کس شہر کے اندر کتنے فیصد آبادی مکمل طور پر ویکسینیٹڈ ہو چکی ہے ،ستمبر کے شروع میں 15 سال سے زائد العمر افراد کی ویکسی نیشن کا فیصلہ کیا گیا تھا ، ان آٹھ شہروں میں 40فیصد آبادی کو ویکسین لگائی جا چکی ہے ۔ جن شہروں میں بندشیں کم نہیں کی جا رہیں وہاں کے عوام کواپنی ضلعی اور صوبائی انتظامیہ سے مطالبہ کرنا چاہیے کہ وہ ویکسی نیشن کا عمل تیز کریں ۔

اسد عمر نے کہا کہ فلائٹس میں کھانے پر پابندی کو بھی یکم اکتوبر سے ختم کیا جا رہا ہے کیونکہ یکم اکتوبر سے 18سال سے زائد العمر وہی افراد ہوائی سفر کر سکیں گے جن کی ویکسی نیشن مکمل ہو گئی ہو جبکہ 12سے 18سال کی عمرکے وہ افراد سفر کر سکیں گے جن کوپہلی ڈوز لگ چکی ہو ، یہ افراد بھی 31اکتوبر تک اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے، یکم نومبر سے ان افراد کو بھی دونوں ڈوز لگوانی لازم ہو گی ۔