اسلام آباد:احتساب عدالت اسلام آباد میں سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف 8 ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن کے نیب ریفرنس پر سماعت ہوئی ، آصف زرداری پیش نہ ہوئے جس پرعدالت نے کہا کہ آصف زرداری آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئے تو وارنٹ گرفتاری جاری کر دیں گے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک عدالت پیش ہوئے اور آصف علی زرداری کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پیش کی ، ساتھ ہی ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کرنے سے متعلق بھی درخواست دائرکی ۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ آصف زرداری عدالت میں طبی مسائل کے باعث پیش نہیں ہو سکتے ، لہذا فرد جرم ویڈیو لنک کے ذریعے عائد کی جائے ۔
عدالت نے ویڈیو لنک پر فرد جرم عائد کرنے کی درخواست رد کرتے ہوئے آئندہ سماعت پرآصف زرداری کے پیش نہ ہونے پر وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی تنبیہہ کردی ۔
عدالت نے آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظورکرتے ہوئے فرد جرم کیلیے سماعت 14 اکتوبر کو مقررکردی ۔