لاہور:مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف اور مریم نوازکے ترجمان محمد زبیر کی وائرل ویڈیو کے حوالے سے نائب صدر مسلم لیگ نون نے خاموشی توڑ دی۔
مریم نواز نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محمد زبیر اوران کی اہلیہ کو کافی دھمکیاں مل رہی تھیں، مبینہ ویڈیو کی حقیقت کیا ہے، یہ محمد زبیراوراللہ کا معاملہ ہے لیکن محمد زبیر میرے ترجمان رہیں گے۔
مریم نواز نے کہاکہ میرے پاس سازش کی ویڈیو ہے، مجھے ابھی تک کوئی دھمکی نہیں دی گئی، پہلے دھمکیاں ملی تھیں تو نوازشریف نے ان کا بھر پور جواب دے دیا تھا، میں اور نوازشریف سیاست کے لئے کافی ہیں، جس نے مجھ سے لڑنا ہے وہ سیاسی طور پر لڑے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ میں تو چاہتی ہوں نوازشریف دسمبر سے پہلے آ جائیں، وہ بھی پاکستان آنے کےلئے بے تاب ہیں، لیکن کچھ لوگ نوازشریف کی زبان بند کرنا چاہتے ہیں۔
چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے مریم نواز نے کہا کہ چیئرمین نیب کی توسیع کے بارے میں آئین کچھ نہیں کہتا، چیئرمین نیب کی توسیع کے فیصلے پر پارٹی بہتر بتا سکتی ہے
مریم نواز نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جنید صفدر نے ابھی سیاست میں آنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا ۔