کراچی:محکمہ موسمیات نے آج رات سے کراچی میں طوفانی بارشوں کی پیشن گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کا یہ کم دباؤ ڈپریشن کی صورت میں کراچی سے 250 کلو میٹر دور سمندر پر ہے۔انہوں نے بتایا کہ ڈپریشن مزید شدت اختیارکرکے سمندری طوفان بن سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے وارننگ جاری کی ہے کہ بحیرہ عرب کے شمال مشرق میں ڈیپریشن کے سائیکلونک سٹارم میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔ سسٹم کے زیراثرکراچی اور دیہی سندھ کے اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشیں ہونگی جبکہ کراچی میں اربن فلڈنگ بھی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سائیکلونک سٹارم کے زیراثرکراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین میں 30 ستمبر سے 2 اکتوبر کے دوران وسیع پیمانے پر بارشوں کا امکان ہے۔ اس دوران میرپور خاص، تھر پارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ اور سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی بارش ہونے کی توقع ہے۔اس دوران تیز ہوائیں اور گرج چمک کہیں تیز اور کہیں شدید اور کہیں کہیں موسلادھار بارش ہونے کا بھی امکان ہے۔
ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات نےبتایا ہے کہ کراچی میں آج اورکل 100 سے 150 ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کےمطابق 30 ستمبر سے 3 اکتوبر کے دوران سمندر میں طغیانی اور کبھی انتہائی طغیانی رہ سکتی ہے، ماہی گیر 30 سمتبر سے 3 اکتوبرکے دوران سمندر میں جانے سے گریز کریں۔طوفانی بارشیں کراچی میں اربن فلڈنگ کا سبب بن سکتی ہیں، بدین، ٹھٹہ، حیدرآباد، دادو میں بھی سسٹم کے تحت اربن فلڈنگ کا خطرہ رہےگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں آج سے 3 اکتوبر کے درمیان وسع پیمانے پر بارشوں کا امکان ہے۔ بلوچستان کے ساحلی مقامات پر بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ کہیں تیز اور کہیں شدید تیز اور کہیں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔
بلوچستان کے اضلاع لسبیلہ، سومیانی، اورڑماڑا، پسنی، گوادر، تربت اور جیوانی میں بھی طوفانی بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، آندھی کے باعث کمزورعمارتوں کو نقصان پہچنے کا خطرہ رہے گا۔