اسلام آباد: وزارت منصوبہ بندی نے ملک میں ساتویں مردم شماری کے حوالے سے بیان جاری کر دیا ۔
وزارت منصوبہ بندی کے مطابق ملک بھر میں ساتویں مردم و مکانات شماری یکم اگست سے 31 اگست 2022 تک ہوگی، اس پر 23 ارب روپے لاگت آئے گی، وزارت خزانہ نے ابتدائی طور پر5 ارب روپے مختص کر دیے ہیں، بقیہ رقم مردم شماری کے آغازپرفراہم کی جائے گی۔
قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شاہدہ رحمانی کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری کنول شوذب نے بتایا کہ یہ مردم شماری پہلی ڈیجیٹلائز مردم شماری ہوگی جس کی تیاریاں مئی سے جاری ہیں۔
قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے ساتویں مردم شماری پرکام شروع کردیا گیا ہے اوراس حوالے سے وزارت منصوبہ بندی نے تفصیلات بھی پیش کردی ہیں۔مردم شماری کی حتمی منظوری مشترکہ مفادات کونسل کی منظوری سے مشروط ہوگی۔