ملک بھر میں آج سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہورہا ہے۔فائل فوٹو
ملک بھر میں آج سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہورہا ہے۔فائل فوٹو

کراچی میں سمندری طوفان کا خطرہ ٹل گیا

کراچی:محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان کی شدت میں کمی کے باعث کراچی میں سمندری طوفان کا خطرہ ٹل گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان کا رخ مسقط کے ساحل کی طرف ہوگیا جس کے باعث کراچی میں طوفانی بارشوں کا امکان بھی کم ہوگیا ہے۔ یو ایس جوائنٹ ٹائیفون وارننگ سینٹر پرل ہاربر کی جانب سے جاری کردہ تازہ صورتحال کے مطابق سمندری طوفان کراچی سے دور ہورہا ہے تاہم سسٹم کے مطابق طوفانی بارش کا امکان بلوچستان کی ساحلی پٹی پر ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق طوفان کی شدت میں کمی کے باعث شہر میں بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہے گا تاہم دوپہر تک موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب میں موجود ڈیپ ڈیپریشن کے سائیکلون بننے کا امکان ہے، سائیکلون کا رخ مغرب اور شمال مغرب کی جانب ہے، یہ سمندری طوفان شدید سمندری طوفان بھی بن سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز نے بتایا کہ کراچی اور زیریں سندھ کے مختلف علاقے سمندری طوفان کے اثرات کی شدت سے محفوظ ہیں، جبکہ طوفانی بارش اور تیز ہواؤں کا خطرہ ٹل گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کراچی میں کل تک وقفے وقفے سے ہلکی سے معتدل بارش کا امکان ہے،کہیں کہیں تیز بارش بھی ہوسکتی ہے اور معمول سے تیز ہوائیں بھی چلتی رہیں گی۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ طوفان بلوچستان کے ساحل کے قریب سے ہوتا ہوا اومان اور ایران کی جانب بڑھے گا، یہ سمندری طوفان شدید سمندری طوفان بھی بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طوفان کا جھکاؤ شمال مغرب کی جانب زیادہ رہا تو بلوچستان میں تیز ہواؤں اور تیز بارش کا امکان رہے گا۔