شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے فورسز کی گاڑی پر حملے کے نتیجے میں 5 سیکیورٹی اہل کار شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں پیش آیا جس میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا، نتیجے میں ایف سی کے چار اہلکار اورایک لیوی سب انسپکٹر شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں چارسدہ کے رہائشی 35 سالہ حوالدار زاہد، خیبر کے رہائشی 28 سالہ لانس نائیک ولی، کرم کے رہائشی 28 سالہ لانس نائیک عبدالمجید، حوالدار اشفاق اور اسپن وام کے رہائشی 38 سالہ لیوی سب انسپکٹر جاوید شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا ہے کہ واقعے کے بعد دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے واقعہ میں پاک فوج اور لیوی کے جوانوں کی شہادت کی خبر افسوس ناک ہے، سیکورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ایسی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں، قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔