پشاور۔ کراچی میں بینک وین لوٹنے والے تین ملزموں کو پشاور سے گرفتارکرلیا گیا، ملزمان نے کیش وین سے 20 کروڑ پچاس لاکھ روپے لوٹے تھے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ تینوں ملزمان کوتہکال کے علاقے سے گرفتار کیا گیا جبکہ تینوں کا تعلق کراچی سے ہے، واردات میں کیش وین کا ڈرائیور بھی ملوث تھا۔ملزمان سے کیش وین اور 70لاکھ روپے کیش برآمد کیا گیا۔
ایس پی کینٹ پشاور کا کہنا ہے کہ 3 ملزمان کو تھانہ تہکال کی حدود سے گرفتارکیا گیا، ملزمان سے 70 لاکھ روپے اور واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کی گئی۔
ایس پی کینٹ نے بتایا کہ ملزمان نے 10 اگست کو کراچی میں نجی بینک سے رقم لے جانے والی گاڑی لوٹی تھی، واردات کے دوران 20 کروڑ 50 لاکھ روپے لوٹے گئے تھے۔
پشاور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات سے متعلق کراچی کے تھانہ میٹھا در میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، ملزمان کی گرفتاری سے متعلق کراچی پولیس کو آگاہ کر دیا ہے۔
تھانہ تہکال پولیس کی اہم کارروائی
کراچی میں بنک گاڑی لوٹنے والے ملزمان گرفتار
ملزمان نے 10 اگست کو کراچی میں نجی بنک کی رقم لے جانے والی گاڑی سے20 کروڑ 50 لاکھ روپے لوٹے گئے تھے، واردات سے متعلق تھانہ میٹھادر کراچی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
1 -2 pic.twitter.com/Whi0Vf9sWM— Capital City Police Peshawar (@PeshawarCCPO) October 3, 2021
پشاور پولیس کا کہنا ہے کہ بینک کی گاڑی لوٹنےکی واردات میں ڈرائیور بھی شریک تھا، ملزمان گاڑی کے تعاقب میں تھے ، بینک کی گاڑی کے ڈرائیورکو ڈرامائی انداز میں اسلحے کی نوک پر روکا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق بینک کی گاڑی کا ڈرائیور ملزمان کے ساتھ رابطے میں تھا، نامعلوم مقام پر ملزمان رقم تقسیم کرکے دوسری گاڑی میں روانہ ہو گئے تھے۔