پیرس:فرانس میں ماں کے انتقال سے بے خبر دو معصوم کم سن بچیاں کئی روز تک سمجھتی رہیں کہ ان کی والدہ سو رہی ہیں،
یہ دل سوز واقعہ فرانس کے شہر رینس میں پیش آیا جہاں ایک گھر میں خاتون اچانک چل بسیں، خاتون کی دو بیٹیاں’جن کی عمر 5 اور7 سال ہے’ یہی سمجھتی رہیں کہ ان کی والدہ سورہی ہیں۔
جیونیوز کے مطابق بچیوں کے بغیر اطلاع کے کئی دن کی غیرحاضری پراسکول کی جانب سے پولیس کو اطلاع دی گئی، جب پولیس گھر پر پہنچی تو بچیوں نے پولیس اہلکاروں سے کہا کہ ‘خاموش رہو، ممی سورہی ہیں’،تاہم پولیس اہلکار اصرارکرکے گھر کے اندر داخل ہوئے توانہیں خاتون کی لاش ملی۔ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق خاتون کی موت طبعی تھی، پولیس کا کہنا ہے کہ 31 سالہ خاتون کا آبائی تعلق افریقی ملک آئیوری کوسٹ سے تھا۔
دونوں بچیوں کو ابتدائی طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے طبی معائنے کے بعد انہیں بچوں کی دیکھ بھال کے ادارے میں منتقل کردیا گیا، فی الحال تحقیقات میں یہ واضح نہیں ہوسکا کہ خاتون کی موت کو کتنا عرصہ گزرا تھا، واقعے کے مجرمانہ پہلو پر تفتیش نہیں کی جارہی، چند دن انتظار کررہے ہیں پھر بچیوں سے بیان لینے کی کوشش کریں گے۔