کراچی۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے باغ جناح میں 17 اکتوبرکو بڑے سیاسی جلسے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی 18 اکتوبر2007 کو بے نظیر بھٹو کے قافلے پر ہونے والے خودکش حملوں کی یاد میں 17اکتوبر کو کراچی کے باغ جناح میں جلسہ عام کرے گی۔ جلسے سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر مرکزی قائدین خطاب کریں گے۔
جلسے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی نے بھرپور انداز میں تیاریاں بھی شروع کردی ہیں، جلسے کے لیے پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سید وقار مہدی نے ڈپٹی کمشنر کراچی شرقی کے دفتر میں درخواست بھی جمع کروائی ہے۔
پیپلز پارٹی نے درخواست میں لاؤڈ اسپیکرزکے استعمال کی اجازت بھی طلب کی ہے جب کہ پیپلز پارٹی کے صوبائی و مقامی لیڈروں کو جلسے میں کارکنوں کو مکمل ایس او پیز کے تحت لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 18 اکتوبر 2007 کو بے نظیر بھٹو طویل خودساختہ جلاوطنی کے بعد وطن لوٹی تھیں، اس دوران ان کے قافلے پر یکے بعد دیگرے 2 خودکش حملے ہوئے تھے جس میں درجوں افراد جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔